ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضمنی انتخاب: دہلی کی راجندر نگر اسمبلی سیٹ سے عآپ کے درگیش پاٹھک فتح یاب

ضمنی انتخاب: دہلی کی راجندر نگر اسمبلی سیٹ سے عآپ کے درگیش پاٹھک فتح یاب

Sun, 26 Jun 2022 14:24:48    S.O. News Service

نئی دہلی،26؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) قومی راجدھانی دہلی پر عام آدمی پارٹی کا غلبہ برقرار ہے۔ عام آدمی پارٹی نے راجندر نگر اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں 11 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار درگیش پاٹھک 11555 ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے۔

راجندر نگر اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے رہنے والے راگھو چڈھا نے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہونے کے بعد اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ راگھو چڈھا کے استعفیٰ سے خالی ہونے والی سیٹ پر ضمنی انتخاب میں عام آدمی پارٹی نے جیت کی ہیٹ ٹرک لگائی ہے۔ اس سے قبل ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے شروع ہوئی۔

دہلی کی حکمراں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے راجندر نگر اسمبلی سیٹ سے جیت کی ہیٹ ٹرک کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی۔ عام آدمی پارٹی نے اس سیٹ سے درگیش پاٹھک کو میدان میں اتارا تھا، جو راگھو چڈھا کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ 2015 اور 2020 کے انتخابات میں یہ سیٹ عام آدمی پارٹی کے امیدوار نے جیتی تھی۔


Share: